جمعرات 1 اکتوبر 2026 - 14:04
مولانا سید فیاض محسن عابدی؛ جامعۃ المصطفیٰ العالمیہ میں سیرتِ پیغمبر اعظمؐ کے پہلے ڈاکٹریٹ فارغ التحصیل

حوزہ/ قم المقدسہ میں ہندوستانی محقق اور عالم دین مولانا سید فیاض محسن عابدی نے جامعۃ المصطفیٰ العالمیہ میں سیرتِ پیغمبر اعظمؐ میں ڈاکٹریٹ کے تخصصی کورس میں کامیابی کے ساتھ فراغت حاصل کرتے ہوئے اس شعبے کے پہلے ڈاکٹریٹ فارغ التحصیل ہونے کا اعزاز حاصل کیا ہے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، قم المقدسہ میں ہندوستانی محقق اور عالم دین مولانا سید فیاض محسن عابدی نے جامعۃ المصطفیٰ العالمیہ میں سیرتِ پیغمبر اعظمؐ میں ڈاکٹریٹ کے تخصصی کورس میں کامیابی کے ساتھ فراغت حاصل کرتے ہوئے اس شعبے کے پہلے ڈاکٹریٹ فارغ التحصیل ہونے کا اعزاز حاصل کیا ہے۔

مولانا سید فیاض محسن عابدی نے اپنے ڈاکٹریٹ کے تحقیقی مقالے کا کامیابی سے دفاع کیا۔ ان کے مقالے کا عنوان ’’جسمانی عبادات کے احکام کی وضاحت میں پیغمبر اعظمؐ کی عملی سیرت‘‘ ہے، جس میں رسول اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی عملی سیرت اور جسمانی عبادات سے متعلق احکام کے درمیان تعلق کا تفصیلی علمی و تحقیقی جائزہ پیش کیا گیا ہے۔

جامعۃ المصطفیٰ العالمیہ کے شعبۂ تعلقاتِ عامہ کے مطابق، مولانا سید فیاض محسن عابدی نے 2022ء میں اعلیٰ درجہ حاصل کرتے ہوئے سیرتِ پیغمبر اعظمؐ کے تخصصی کورس سے فراغت حاصل کی تھی۔ بعد ازاں انہوں نے اسی علمی میدان میں اپنی تحقیق جاری رکھی اور ڈاکٹریٹ کا مقالہ مکمل کیا۔ ان کی ڈاکٹریٹ کی ڈگری اسلامی جمہوریہ ایران کی وزارتِ علوم، تحقیقات و فناوری کی جانب سے جاری کی گئی ہے۔

رپورٹ کے مطابق 12 ستمبر 2026ء کو جامعۃ المصطفیٰ العالمیہ کے چانسلر ڈاکٹر علی عباسی نے متعدد علمی شخصیات کی موجودگی میں مولانا سید فیاض محسن عابدی کو ڈاکٹریٹ کی ڈگری عطا کی۔

سیرتِ نبویؐ کو عملی پہلو سے سمجھنے کی کوشش

جامعۃ المصطفیٰ العالمیہ کے مطابق، مولانا سید فیاض محسن عابدی کے تحقیقی مقالے کی ایک اہم خصوصیت یہ ہے کہ اس میں سیرتِ پیغمبر اعظمؐ کو صرف تاریخی واقعات اور روایات کے مجموعے کے طور پر پیش نہیں کیا گیا، بلکہ رسول اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی عملی زندگی کو ایک مستقل علمی و تحقیقی موضوع کے طور پر زیرِ مطالعہ قرار دیا گیا ہے۔

سیرتِ پیغمبر اعظمؐ کے موضوع پر ماضی میں بھی مختلف زبانوں میں متعدد تحقیقی مقالات اور کتابیں لکھی گئی ہیں، تاہم اس تحقیق میں بالخصوص رسول اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی عملی سیرت کو بنیادی محور بنایا گیا ہے اور یہ جائزہ لینے کی کوشش کی گئی ہے کہ آپؐ کی عملی زندگی کس طرح جسمانی عبادات کے احکام اور ان کی وضاحت میں رہنمائی فراہم کرتی ہے۔

یہ تحقیق سیرتِ نبویؐ کے مطالعے کو فقہی اور عملی پہلوؤں سے جوڑنے کی کوشش بھی کرتی ہے، جس سے عبادات کے احکام کو رسول اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی عملی زندگی کی روشنی میں سمجھنے میں مدد مل سکتی ہے۔

جامعۃ المصطفیٰ العالمیہ نے اس کامیابی کو سیرتِ نبویؐ کے تخصصی مطالعات کے فروغ اور اس میدان میں ماہر محققین کی تربیت کی جانب ایک اہم علمی پیش رفت قرار دیا ہے۔ اس تحقیق سے بین الاقوامی طلبہ اور محققین کے لیے بھی سیرتِ پیغمبر اعظمؐ کے گہرے اور تخصصی مطالعے کے نئے پہلو سامنے آتے ہیں۔

مولانا سید فیاض محسن عابدی کا مختصر تعارف

مولانا سید فیاض محسن عابدی کا آبائی وطن محمد آباد گوہنہ، ضلع مئو، اتر پردیش، ہندوستان ہے۔ ان کے والد ہنڈالکو انڈسٹریز میں کانٹریکٹ سیل مینیجر کے عہدے پر فائز تھے، جس کی وجہ سے مولانا سید فیاض محسن عابدی نے اپنی پیدائش سے لے کر انٹرمیڈیٹ تک کی تعلیم رینوکوٹ، ضلع سون بھدر میں حاصل کی۔

انٹرمیڈیٹ کے بعد وہ اپنے آبائی وطن واپس آئے اور شبلی کالج اور پوروانچل یونیورسٹی سے دوہری گریجویشن مکمل کی۔ اسی دوران ان کا انتخاب المصطفیٰ انٹرنیشنل یونیورسٹی کے لیے ہوا اور وہ اعلیٰ تعلیم کے لیے ایران چلے گئے۔

تعلیمی سفر کے دوران وہ مسلسل یونیورسٹی کے نمایاں طلبہ میں شامل رہے اور انہیں مختلف علمی اسناد، ایوارڈز اور انعامات سے نوازا گیا۔

المصطفیٰ انٹرنیشنل یونیورسٹی میں شعبۂ سیرتِ پیغمبر اسلام صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے باقاعدہ آغاز کے بعد مولانا سید فیاض محسن عابدی نے اس شعبے میں اپنی علمی و تحقیقی سرگرمیاں جاری رکھیں اور وہ اس شعبے سے پی ایچ ڈی کی ڈگری حاصل کرنے والے پہلے محقق قرار پائے۔

مولانا سید فیاض محسن عابدی اردو، فارسی اور ہندی زبانوں میں مختلف علمی و تحقیقی مضامین بھی لکھتے ہیں۔ وہ اس وقت المصطفیٰ انٹرنیشنل یونیورسٹی میں تدریسی خدمات انجام دے رہے ہیں اور ماسٹرز اور پی ایچ ڈی کے طلبہ کے تحقیقی مقالوں میں بطور ایڈوائزر، گارڈین اور جج بھی علمی خدمات انجام دے رہے ہیں۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha